پشاور( مانند نیوز) پولیو ویکسین کے صرف دو قطرے آپ کے بچے کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں، اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہر قومی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے نومنتخب مرکزی وائس چیئرمین و پیمسا ڈی ایچ کیو مردان کے صدر عبید اللہ اور جنرل سیکرٹری محمد آمین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور موذی مرض ہے جس کا کوئی علاج نہیں، تاہم حفاظتی ویکسین کے ذریعے اس سے مکمل بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ افواہوں اور غلط معلومات پر کان نہ دھریں اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنائیں۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اور محکمہ صحت پولیو کے خاتمے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں، تاہم اس مہم کی کامیابی عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے علماء کرام، اساتذہ اور سماجی رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں میں آگاہی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے، کیونکہ ایک بھی غیر ویکسینیٹڈ بچہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے والدین سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہر بار پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔