حویلیاں(مانند نیوز) ڈائریکٹر ماڈرن انسٹیٹیوٹ فار سٹیٹ چلڈرن (زمونگ کور) صداقت اللہ نے کہا ہے کہ یتیم بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کی معیاری تعلیم و تربیت حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان بچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاہم معاشرے کے مخیر حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر ان بچوں کی سرپرستی کریں اور انہیں معاشرے کا باوقار اور کامیاب فرد بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈرن انسٹیٹیوٹ فار سٹیٹ چلڈرن (زمونگ کور) حویلیاں میں منعقدہ سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک عدنان مراد، اساتذہ کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ ڈائریکٹر صداقت اللہ نے ادارے کے محنتی اور فرض شناس عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک عدنان مراد کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ اور تعریفی سند بھی پیش کی گئی۔آخر میں ڈائریکٹر صداقت اللہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور ادارہ مستقبل میں بھی یتیم اور نادار بچوں کی فلاح و بہبود اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔