پشاور(مانند نیوز)غیر سرکاری تنظیم “مالک فاؤنڈیشن مردان” نے نوجوانوں کی فلاح، تعلیم اور اسکلز ڈویلپمنٹ کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے پر عمر خان کو “اسٹار آف دی منت” کے اعزاز سے نواز دیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فاؤنڈیشن کے عہدیداران اور مختلف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران مالک فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جنید نور نے عمر خان کو ان کی بہترین سماجی خدمات کے اعتراف میں “شیلڈ آف اپریسی ایشن” پیش کی۔ اس موقع پر صدر انجینئر سید شیر شاہ، سیکرٹری ایجوکیشن محمد جاوید زمان دیگان اور جنرل سیکرٹری محمد فواد انور بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جنید نور نے کہا کہ عمر خان نے اپنی محنت، خلوص اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے مردان کے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں تک تعلیم، رہنمائی اور ہنرمندی کے مواقع پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہی ایک ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، اور عمر خان کی خدمات اسی سوچ کی عملی مثال ہیں۔مالک فاؤنڈیشن کے مطابق عمر خان کی کاوشیں نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ ان کی خدمات فاؤنڈیشن کے اس وژن کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں جس کا مقصد ایک تعلیم یافتہ، ہنرمند اور خودمختار معاشرے کی تشکیل ہے۔تقریب کے اختتام پر صدر مالک فاؤنڈیشن انجینئر سید شیر شاہ نے عمر خان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔