پشاور(مانند نیوز) فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے پارلیمانی سیشن اجلاس میں جہانگیرہ کے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے جہانگیرہ ویلفیئر ٹرسٹ اور خدام فاؤنڈیشن کے معزز عہدیداران نے مشترکہ طور پر ایک اہم قرارداد پیش کی، جسے اجلاس میں شریک یوتھ ممبران نے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔ قرارداد میں جہانگیرہ کے تعلیمی، سماجی اور بنیادی سہولیات سے متعلق سنگین مسائل کو فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس کے دوران جہانگیرہ کے مختلف سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی، گیس و بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بنیادی سہولیات کے فقدان اور عوام کو درپیش دیگر مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کے باعث طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے جبکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی روزمرہ زندگی کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔اجلاس میں شریک مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان قیادت کو معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عوام کی آواز متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔ اس موقع پر فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے یوتھ سپیکر نے قرارداد پر باقاعدہ ووٹنگ کروائی، جس میں یوتھ اسمبلی کے اراکین، جہانگیرہ ویلفیئر ٹرسٹ اور خدام فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے متفقہ طور پر قرارداد کی حمایت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہانگیرہ کے عوامی مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کیا جائے گا اور متعلقہ حکومتی اداروں پر دباؤ ڈالا جائے گا تاکہ مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ قرارداد کو باضابطہ طور پر حکومت خیبرپختونخوا اور صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کو ارسال کیا جائے گا تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر نوجوانوں کی سیاسی و سماجی شعور بیداری، عوامی مسائل کے حل میں نوجوان قیادت کے کردار اور فلاحی اداروں کی مشترکہ جدوجہد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ ایسے اقدامات مستقبل میں مثبت تبدیلی کا سبب بنیں گے۔