اسلام آباد(مانند نیوز) عالمی یومِ تحفظِ غذا کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کو عوامی صحت، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور شہریوں پر غذائی تحفظ کے معیارات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ تحفظِ غذا کا مقصد دنیا بھر میں غذائی تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ”بوجھ سے حل کی جانب، ہر جگہ محفوظ غذا” غذائی آلودگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور سائنس و شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ غذائی تحفظ کا براہ راست تعلق عوامی صحت، صارفین کے اعتماد اور معاشی ترقی سے ہے۔ غیر محفوظ خوراک بیماریوں کے پھیلاؤ، علاج معالجے کے اخراجات میں اضافے، تعلیمی و معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ اور قومی پیداوار میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، ریگولیٹری ادارے، خوراک تیار کرنے والے، ٹرانسپورٹرز اور صارفین سب کو مل کر محفوظ غذائی نظام کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بیماریوں اور آلودگی سے پاک، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں، مویشی پال حضرات، ماہی گیروں، محققین اور غذائی نظام سے وابستہ تمام افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غذائی تحفظ کے قیام میں ان کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم نے عالمی ادار? صحت کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 866 ملین افراد آلودہ خوراک کے باعث بیمار ہوتے ہیں جبکہ 15 لاکھ افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ خوراک نہ صرف صحت بلکہ معیشت، تجارت، سیاحت اور سماجی ترقی پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی وسائل اور زرخیز زمینوں سے مالا مال ملک ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، آبادی میں اضافہ، جدید تحقیق کی کمی اور خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وفاقی وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق زرعی پیداوار میں اضافے، غذائی تحفظ کے فروغ اور موسمیاتی اثرات میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیجوں، بہتر ذخیرہ کاری اور مضبوط ویلیو چینز کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں اس امر پر اتفاق کیا کہ محفوظ غذا کی فراہمی حکومت، نجی شعبے، تحقیقی اداروں، سول سوسائٹی، ذرائع ابلاغ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ غذائی تحفظ کے معیارات کو مضبوط بنانے، خوراک کے محفوظ استعمال اور صحت بخش غذائی نظام کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ ہر شہری کو محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک میسر آ سکے

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے