پشاور (مانند نیوز): رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پشاور کیمپس اور سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن لاہور کے اشتراک سے پشاور میڈیکل کالج میں فیملی میڈیسن میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے حوالے سے ایک معلوماتی نشست (اوپن ہاؤس) کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم تقریب میں میڈیکل کے طلبہ، ہاؤس افسران، سرکاری و نجی شعبوں سے وابستہ ڈاکٹروں اور پشاور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے فیکلٹی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پشاور میڈیکل کالج کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کےاستحکام میں فیملی میڈیسن کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بعد ازاں فیملی میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حمیرا خٹک نے شرکاء کو اس شعبے کی اہمیت اور افادیت پرجامع بریفنگ دی۔ تقریب کے مہمانِ مقرر، سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر ناصر شاہ نے اپنے کلیدی خطاب میں ایم آر سی جی پی انٹرنیشنل جنوبی ایشیا کوالیفیکیشن کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی معیار کا یہ پروگرام مریضوں کی مجموعی نگہداشت پر توجہ کے ساتھ ڈاکٹروں کو جدید طبی اور مواصلاتی مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈگری حاصل کرنے سے نہ صرف پاکستان بلکہ خلیجی ممالک اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں روزگار کے شاندار اور اعلیٰ مواقع میسر آتے ہیں۔ نشست کے اختتام پر سوال و جواب کی ایک نشست میں شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ آخر میں پشاور میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی ہیلتھ سائنسز کے سربراہ پروفیسر محمد امان خان نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔