پشاور(مانند نیوز)  پشتو، اردو، ہندکو اور پوٹھواری زبانوں کے معروف کامیڈین، اداکار، مصنف، ہدایت کار اور میزبان قاضی عارف محمود کا شمار پاکستان کے ان ممتاز فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے طنز و مزاح کو نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنایا بلکہ اسے معاشرتی اصلاح اور مثبت تبدیلی کے لیے بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا۔ ضلع ہری پور کے علاقے غازی ہیملٹ میں 1974ء میں پیدا ہونے والے قاضی عارف محمود گزشتہ تقریباً 28 برسوں سے فنون لطیفہ کی دنیا میں اپنی منفرد صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔قاضی عارف محمود نے اپنے فنی سفر کے دوران 700 سے زائد کامیڈی ڈراموں، اسٹیج شوز، ریڈیو پروگرامز، ٹی وی لائیو شوز اور ریکارڈڈ پروگرامز میں حصہ لیا۔ انہوں نے سیاسی، سماجی اور ثقافتی موضوعات کو اصلاحی انداز میں طنز و مزاح کے ذریعے پیش کر کے عوام میں شعور اجاگر کیا۔ ان کی منفرد اداکاری اور مختلف شخصیات کی پیروڈی نے انہیں ملک بھر میں غیر معمولی مقبولیت دلائی، جس کے باعث انہیں پشتو زبان کا "معین اختر” بھی کہا جاتا ہے۔انہوں نے 300 سے زائد ٹی وی پروگرامز میں مختلف کرداروں اور گیٹ اپس کے ذریعے معاشرے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا، جبکہ بطور مصنف تقریباً 300 ڈرامے تحریر کیے اور 200 سے زائد ڈرامہ سیریز و 500 کے قریب ڈرامہ سیریلز کی ہدایت کاری بھی کی۔ قاضی عارف محمود نے بطور میزبان 1200 سے زائد لائیو اور ریکارڈڈ پروگرامز کی میزبانی کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ان کا مقبول پروگرام "بیٹھک” گزشتہ اٹھارہ برسوں سے مسلسل کے ٹو ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے، جبکہ ان کے مشہور پروگرام "چوپال” اور "بیٹھک” کی مقبولیت کے باعث متحدہ عرب امارات، خلیجی ممالک اور چین میں انہی ناموں سے متعدد ریسٹورنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں بطور ڈرامہ نویس، صداکار اور میزبان بھی ایک دہائی تک نمایاں خدمات انجام دیں۔قاضی عارف محمود کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ سال 2024ء میں اے وی ٹی خیبر نیٹ ورک کا سب سے بڑا اعزاز "نشانِ خیبر” ان کے نام ہوا، جبکہ 2011ء میں انہیں شاندار کارکردگی پر گولڈ میڈل بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، کینیڈا اور مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی انہیں اعزازی اسناد، ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا جا چکا ہے۔قاضی عارف محمود گزشتہ 23 برسوں سے اے وی ٹی خیبر، خیبر نیوز، کے ٹو ٹی وی اور خیبر مڈل ایسٹ سمیت مختلف چینلز سے وابستہ ہیں۔ وہ اس وقت ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ پروڈکشنز کے ساتھ ساتھ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔ ان کی فنی خدمات اور کامیابیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پشتون ثقافت اور پاکستانی فن و ادب کی مثبت نمائندگی کا باعث بن رہی ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے