پشاور(مانند نیوز) خواتین کی معروف غیر سرکاری تنظیم ستوری د مردان کے زیر اہتمام رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ وحید خان ہوتی کے اعزاز میں مردان میں ایک شاندار، رنگارنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی، ادبی اور ثقافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد شاہدہ وحید خان ہوتی کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہنا تھا۔تقریب میں سابق سٹی میئر مردان حمایت اللہ مایار، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عمران ماندوری، ضلعی جنرل سیکرٹری الحاج بن امین فضل الرحمن خان، ضلعی سیکرٹری اطلاعات حارث خان، اے این پی تحصیل اربن کے صدر ملک الیاس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، خواتین رہنماؤں، سماجی کارکنوں، ادیبوں اور شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ستوری د مردان کی سی ای او ریحانہ شکیل، آرگنائزرز نصرت آرا، شازیہ نبی، ماہ نور شکیل د خوا لور کی حسنہ،فکس اٹ مردان کے سمیع اللہ خان،انرجی ڈرنکس مارخور کی اقصیٰ خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدہ وحید خان ہوتی نہ صرف ایک فعال رکن صوبائی اسمبلی ہیں بلکہ ایک باصلاحیت سماجی کارکن بھی ہیں، جنہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، بااختیاری اور معاشرتی ترقی کے لیے ہمیشہ عملی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدہ وحید خان ہوتی ایک ایسے سیاسی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس کی ملکی سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں گراں قدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور جنہیں عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ شاہدہ وحید خان ہوتی نے صوبائی اسمبلی کے فلور پر خواتین کے حقوق، تحفظ، تعلیم، صحت اور مساوی مواقع کی فراہمی کے حوالے سے متعدد قراردادیں پیش کیں، جن میں سے کئی منظور بھی ہوئیں۔ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موثر انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ معاشرے میں خواتین کی سیاسی اور سماجی نمائندگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسی شخصیات کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔تقریب کے اختتام پر ستوری د مردان کی جانب سے شاہدہ وحید خان ہوتی کو ان کی نمایاں عوامی، سیاسی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ، یادگاری سووینئرز اور متعدد تحائف پیش کیے گئے، جبکہ شرکاء نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے خطاب میں شاہدہ وحید خان ہوتی نے ستوری د مردان کی منتظمین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد اور محبت ان کے لیے سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی خواتین کے حقوق، نوجوانوں کی فلاح، تعلیم، صحت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے ستوری د مردان کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے تنظیم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔تقریب کی نظامت کے فرائض معروف ڈاکٹر روبینہ ریاض نے انتہائی خوبصورت انداز میں انجام دیے، جبکہ معروف شاعرہ ڈاکٹر نرگس ادا نے اپنا خصوصی کلام پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ تقریب میں ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہا، جہاں مقامی فنکاروں نے موسیقی اور فنِ گائیکی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ فنکاروں کی دلکش پرفارمنس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا اور تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔