بریکوٹ (مانند نیوز): اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ شوانہ حلیم نے کہا ہے کہ تحصیل بریکوٹ کے عوامی مسائل کے حل اور بریکوٹ بازار کو منظم بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تجاوزات، غیر مجاز پبلک ٹرانسپورٹ اسٹاپس، غیر قانونی رکشوں، خودساختہ مہنگائی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بریکوٹ ایک پرامن اور خوبصورت تحصیل ہے، جبکہ بریکوٹ بازار اس کا اہم تجارتی مرکز ہے۔ بازار میں ٹریفک کی روانی، عوامی سہولت اور کاروباری نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے تجاوزات اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اسٹاپس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آر ٹی اے کے مقررہ کرایوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے، جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والے متعدد ڈرائیوروں کے خلاف جرمانے بھی عائد کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی اجتماعی مسئلے یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر تحصیل انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔