پشاور (مانند نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، بدقسمتی سے ہم نے نوجوانوں پر مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی، مستقبل آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا ہے، ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جبکہ نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کے دورے کے دوران منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی عاصم اسحاق خان، نوجوانوں، کاروباری شخصیات اور دیگر نے شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی عاصم اسحاق خان نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ادارے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور شمالی اضلاع میں نیشنل انکیوبیشن سنٹرز قائم ہونے چاہئیں، صوبے میں ایسی ایپ تیار ہونی چاہیے جو نوجوانوں اور کمپنیوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، چاروں صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد موجود ہے، نوجوانوں میں سرمایہ کاری کے لیے صوبائی حکومت اور بینکوں کے درمیان مؤثر روابط ضروری ہیں۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جدید آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی جانی چاہئیں، نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم سب نے مل کر خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر نیشنل انکیوبیشن سنٹر میں اسٹارٹ اپس کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور آئی ٹی، اے آئی، سائبر سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے انٹرپرینیورز کی کاوشوں کو سراہا۔ نوجوان انٹرپرینیورز نے آئی ٹی، اے آئی اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق اپنے آئیڈیاز بھی پیش کیے، جنہیں گورنر نے سراہا۔ تقریب میں گورنر کو ادارے کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ یہ خیبرپختونخوا کے کسی بھی گورنر کا این ائی سی کا پہلا دورہ تھا. بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جمہوریت میں ہر جماعت کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جلسے جلوس کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو سیاسی جلسوں کے بجائے کھیلوں کے لیے مختص رکھا جائے۔ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد ہونا چاہیے، سیاسی جلسے نہیں، کھیلوں کے میدان کھیلوں کے فروغ کے لیے ہوتے ہیں اور انہیں اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جلسوں کے لیے متبادل مقامات موجود ہیں، اس لیے کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب مناسب نہیں، برسوں بعد مکمل ہونے والے کرکٹ اسٹیڈیم کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ گورنر نے کہا کہ وہ سرکاری اداروں کی آؤٹ سورسنگ کے حامی نہیں، تاہم اگر کسی ادارے کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے اچھی کمپنی دستیاب ہو تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ تنقید برداشت نہیں کرتی، حالانکہ سیاست میں تنقید جمہوری عمل کا حصہ ہے، ایک بارش نے لاہور اور پشاور کے انتظامی دعوؤں کی حقیقت سامنے رکھ دی، حکومت غلط فیصلے کرے گی تو اپوزیشن تنقید ضرور کرے گی۔ نواز شریف کے آزاد کشمیر کی سیاست سے متعلق مؤقف پر سوالات اٹھتے ہیں، ان کے حالیہ سیاسی مؤقف پر افسوس ہے۔#

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے