اسلام آباد (مانند نیوز) بھارت کے مرکزی وزیر برائے خوراک پرلاد جوشی نے وزارتِ تعلیم کا اضافی چارج سنبھال لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی دفتر نے ایک اعلامیے کے ذریعے دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ منظور کرنے اور پرلاد جوشی کی بطور وزیرِ تعلیم تقرری کی تصدیق کی۔
تقرری کی تصدیق کے بعد پرلاد جوشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ذمے داری کو فرض شناسی اور عاجزی کے جذبے کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ میں وزیرِ اعظم کا شکر گزار ہوں، وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت کے گزشتہ 12 برسوں میں کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ برسوں کے دوران دھرمیندر پردھان نے بھی قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا اور کئی اہم اقدامات کیے گئے، ملک نے نئے تعلیمی نظام میں نمایاں پیش رفت کی ہے، میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کام کروں گا اور اپنی ذمے داریاں مکمل لگن کے ساتھ نبھاؤں گا۔
یاد رہے کہ 57 سالہ دھرمیندر پردھان نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے بعد ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کے 35ویں روز اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔