پشاور(مانند نیوز) ایس پی انویسٹیگیشن مردان ماریہ مصطفیٰ (پی ایس پی) نے کہا ہے کہ فلاحی اور سماجی تنظیمیں معاشرتی مسائل کے حل، عوامی فلاح و بہبود اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ سول سوسائٹی کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہمدرد مہربان آرگنائزیشن مردان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر تنظیم کی جانب سے مردان سے تعلق رکھنے والی ایک باصلاحیت خاتون ریڈیالوجسٹ کو باعزت روزگار اور خودکفالت کی جانب آگے بڑھانے کے لیے الٹراساؤنڈ مشین اور دیگر ضروری سامان ایس پی انویسٹیگیشن ماریہ مصطفیٰ کے ہاتھوں حوالے کیا گیا۔تقریب کے دوران تنظیم کے عہدیداران نے ہمدرد مہربان آرگنائزیشن کے اغراض و مقاصد اور جاری فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تنظیم کا مقصد صرف وقتی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ تعلیم، صحت، ہنر اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے باصلاحیت افراد کو باعزت خودکفالت کی جانب لے جانا ہے۔اس موقع پر ماریہ مصطفیٰ نے ہمدرد مہربان آرگنائزیشن کی فلاحی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین سیار احمد ہمدرد کے خودکفالت کے وژن کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ لوگوں کو محض وقتی امداد دینے کے بجائے انہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے وسائل اور مواقع فراہم کرنا ایک مثبت اور دیرپا فلاحی سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی فلاح، خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمدرد مہربان آرگنائزیشن مستقبل میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔اس موقع پر تنظیم کے جنرل سیکرٹری سمیع خان، مولانا صادق شاہ ،ملک فواد حسین اعوان ، مولانا فیصل نواز، شہریار، تحسین اللہ ، طارق شاہ مسعود شاہ حقانی سمیت دیگر عہدیداران اور اراکین بھی موجود تھے۔ تنظیم کے لیگل ایڈوائزر ملک فواد حسین اعوان نے ایس پی انویسٹیگیشن ماریہ مصطفیٰ کو قائداعظم محمد علی جناح کا پورٹریٹ بھی پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر ہمدرد مہربان آرگنائزیشن کے وفد نے ایس پی انویسٹیگیشن ماریہ مصطفیٰ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ شرکاء نے فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور امداد سے خودکفالت کی جانب سفر کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔