جمرود (مانند نیوز ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر تحصیل جمرود کے علاقہ وزیر ڈھنڈ میں دو سگے بھائیوں حاجی عزیز رحمان زخہ خیل اور حاجی دریا خان زخہ خیل کے مابین چودہ سالہ دشمنی دوستی اور ایک دفعہ پھر بھائی چارے میں بدل گئی ہے، اس حوالے سے آدم جی زوراخیل کے حجرے پر وزیر ڈھند میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مہمان خصوصی میجر(ر) راغب الرحمان اور دونوں فریقین کے مابین جرگہ کے ذریعے صلح کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے علاقے کے مشران اور جرگہ ممبران آدم جی، حبیب، کمال، حاجی سیداحمد شاہ آفریدی اور قاری کریم اللہ سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔شرکاء اور علماء اکرام نے کہا کہ اسلام ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ صلح رحمی سے پیش آنے اور بھائیوں کی طرح رہنے کا درس دیتا ہے ہمیں اللہ تعالی اور اس کے رسولﷺ کے احکامات کی پیروی کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جن مشران نے دونوں فریقین کے مابین تنازعات ختم کرنے اور صلح کروا کے ایمانداری اور فرض شناسی کا کردار ادا کیا بڑے ثواب کا کام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے،انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں مسئلے حل نہیں ہوتے بلکہ وقت کا ضیاع اور پیسے خرچ کرنا ہے عدالتوں میں مسائل آور بھی بڑھتے ہیں کم نہیں ہوتے اس لئے جہاں بھی بھائیوں، ریشتہ داروں اور فریقین کے درمیان کوئی تنازعہ پیدا ہوتا ہے مخلص مشران اور جرگے کے ذریعے مل بیٹھ کر تنازعے کا حل نکالنا چاھئے۔ آخر میں دونوں فریقین ایک دوسرے کے ساتھ بغل گیر ہوئے اور آئندہ آپس میں ہمیشہ بھائی چارے کے ساتھ رہنے کا عہد کیا۔