ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) محکمہ سیاحت خیبر پختونخواہ کی جانب سے قبائلی ضلع اورکزئی میں آل پاکستان سائیکلنگ ریس کاانعقاد، اورکزئی کے زیڑہ سے خواہ درہ تک کے مقام پر 17.5 کلومیٹر ٹریک پر 34 سائیکلسٹ کی چاروں صوبوں کے علاوہ خیبرپختونخوا کے چار ڈویژن سے شرکت، خیبرپختونخوا کے کھلاڑی چاہے رہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبے کے قبائلی ضم اضلاع میں سیاحت و کھیل کو فروغ دینے کیلئے ضلع اورکزئی کے سرسبز پہاڑوں کے درمیان آل پاکستان سائیکل ریس کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے 34 سائیکلسٹ نے شرکت کی۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی اور خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے ضلع اورکزئی کے زیڑہ سے خواہ درہ تک کے مقام پر 17.5 کلومیٹر ٹریک پر سائیکل ریس منعقد ہوئی۔ قبائلی اضلاع کے سیاحتی مقامات کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحتی و کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ ضلع اورکزئی میں ریس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ریس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب، آرڈینینس فیکٹری واہ کینٹ، اسلام آباداور خیبرپختونخوا کے چار ڈویژن سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ریس میں پہلی پوزیشن پشاور کے یوسف نے تیس منٹ 52 سیکنڈ کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پشاور ہی کے صادق اللہ نے 31 منٹ 7 سیکنڈ کیساتھ دوسری اور خیبرپختونخوا کے عمران ایک سیکنڈ کے فرق کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بلوچستان کے محب اللہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر کرنل رائے کاشف امین کمانڈنڈ اورکزئی سکاؤٹس مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ضم اضلاع کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی اشتیاق خان، ونگ کمانڈر کرنل کامران، ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد خالد، ڈی ایس او حسین خان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہاکہ پہلی بار ضلع اورکزئی میں سائیکل ریس کا انعقاد یہاں کے پرامن ہونے کی علامت ہے۔ یہاں ایونٹ کے انعقاد کا مقصد سیاحوں کو اس ضلع کی جانب راغب کرنا اور مقامی لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ضم اضلاع اشتیاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے سائیکل ریس کا انعقاد پہلی کڑی ہے۔ اس کے بعد مختلف ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرینگے جبکہ ساتھ ہی انفرسٹرکچر کی بہتری کیلئے سڑکوں کی تعمیر، کیمپنگ پاڈز کا قیام، سیاحوں کیلئے آرام گاہیں اور دیگر تعمیراتی کام کئے جائینگے۔ باجوڑ سے لیکر ساؤتھ وزیرستان تک اب سیاحت کے فروغ کیلئے سرگرمیاں منعقد کی جائینگے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد خالد نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ضلع اورکزئی پرامن اور خوبصورت علاقہ ہے یہاں سیاحت کے لحاظ سے بہترین سیاحتی مقامات سیر و تفریح کیلئے موجود ہیں۔ سائیکل ریس میں اگلی بار مقامی نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔