ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) تحصیل ٹل میں تیز بارش اور طوفان سے مکانات منہدم۔ درختوں، میویشیوں اور چاردیواریوں سمیت سڑکوں کو شدید نقصان۔ گزشتہ رات باد وباران اور شدید طوفان سے تحصیل ٹل کے متعدد علاقے متاثر ہوگئے۔ تحصیل ٹل کا دورافتادہ علاقہ چھپری وزیران میں شدید بارش اور طوفان سے کئی مکانات گر گئے جبکہ طوفان سے درجنوں درخت بھی گر گئے۔ اس کے علاوہ سولر سسٹم بھی ہوا میں اڑ گئے اور اکثر مکانات کے شمسی سسٹم بھی خراب ہوگئے جس سے گھروں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ علاقہ متاثرین نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کیں جبکہ طوفانی بارشوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی افراد سابقہ تحصیل ناظم پیاوزار، نعیم وزیر، رضا وزیر، اختر وزیر اور بلال خالد نے بتایا کہ چھپری وزیران میں شدید بارش اور طوفان سے مقامی آبادی کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ تیز باد وباران سے کئی گھر گرگئے جبکہ میویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ چھپری وزیران روڈ جگہ جگہ پر ٹوٹ گیا اور کئی جگہوں پر بندھ ٹوٹنے سے گاڑیوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔ تیز ہواوں سے بڑے بڑے درخت بھی گرگئے۔ مقامی نوجوانوں کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں ہم نے اپنی مدد آپ کیتحت امدادی کارروائی کی اور اس موقع پر جانی نقصان نہیں ہوا۔ متاثرین چھپری وزیران نے ضلعی انتظامیہ سمیت صوبائی حکومت سے فوری طور پر تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔