کراچی (مانند نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے کراچی میں انٹرا سٹی بس منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ایک بیان میں وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ترکی کی کمپنی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے پر کام کرے گی، محکمہ ٹرانسپورٹ کو انٹرا سٹی بس منصوبے کے لئے فنڈز مل گئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے مزید کہا کہ 250 ڈیزل ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے لئے تمام مراحل مکمل کرلئے گئے ہ جو آئندہ 4 ماہ میں پہنچ جائیں گی، محکمہ ٹرانسپورٹ پہلے مرحلے میں کراچی کے سات روٹس پر بسیں چلائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بھی پیشرفت ہورہی ہے، ایدھی، اورنج لائن اور ریڈ لائن منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ دوسری جانب ترجمان وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ترکی کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندے کراچی پہنچ گئے ، ترک کمپنی کے نمائندوں نے یو پی موڑ بس ڈپو کا دورہ کیا اور روٹس کا بھی معائنہ بھی کیا۔