سوات (مانند نیوز ڈیسک) وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر20 کروڑ ر روپے کی لاگت سے حلقہ پی کے 5 میں سوئی گیس کے کم پریشر کے خاتمے کیلئے 12 انچ اضافی پائپ بلوگرام سوات پہنچا دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز چیئرمین ڈیڈیک سوات ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے پشاور میں ملاقات کی تھی اور مینگورہ میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عوامی مسائل سے آگاہ کیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ نے ایکشن لیتے ہوئے سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا اور فوری طور پر مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محمود خان کے احکامات کے روشنی میں محکمہ سوئی گیس نے 12 انچ پائپ بلوگرام پہنچا دیا ہے۔ محکمہ سوئی گیس کے مطابق اضافی پائپ کے لئے لائن بلوگرام گیس ایس ایم ایس سے حاجی بابا ہائیر سیکنڈری سکول تک بچھائی جائیگی جبکہ بنڑ، گرین چوک، حاجی بابا چوک، ملابابا چوک اور پیپلز چوک کے قریب کنکشن دیکر گیس کا پریشر بڑھایا جائیگا جس سے گھریلو صارفین کے کم گیس پریشر کا مسلہ حل ہوجائے گا۔اس منصوبے کے حوالے سے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گیس کم پریشر کا نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں، انکا کہنا تھا کہ اگرچہ سوات میں گیس کے متعدد منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جس سے سوات میں کم پریشر گیس کا مسلۂ مستقل بنیادوں ہر حل ہو گا، چیئرمین ڈیڈک کا کہنا تھا کہ مینگورہ کے شہریوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اضافی پائپ لائن بچھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس فوری اقدام پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا شکریہ بھی ادا کیا۔