ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) پریس ریلیز ہزارہ پولیس نے منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے لئے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں منعقدہ آگاہی سیمینار میں ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ میر ویس نیاز،لیفٹینٹ جنرل ر ایاز سلیم رانا،ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی امتیاز خان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی،ایس ایس پی شعبہ تفتیش اشتیاق خان،صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم جنرل سیکرٹری سردار محمد شفیق،سابق صدر محمد عامر شہزاد جدون کے علاوہ یونیورسٹی کے طلباء وطالبات میڈیا اور مختلف شعبوں کے افراد شریک تھے۔سمینار میں ڈی آئی جی ہزارہ میر ویس نیاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس نے معاشرتی جرائم کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں،بچوں بچیوں سے جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام،منشیات سے پاک معاشرے کا قیام ترجیحات میں رہا ہے۔ہزارہ پولیس نے جرائم کو ختم کرنے کے لئے شہریوں کے تعاون سے گرانقدر اقدامات اٹھائے ہیں اور اس کی آگاہی کے لئے طلباء وطالبات کو مہم میں شامل کرنے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات ایک لعنت ہے جس کو ختم کرنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی آئی جی ہزارہ کا کہنا تھا آئی جی خیبر پختون خوا کی خصوصی ہدایت پر منشیات کے انسداد کے لئے ایک خصوصی فورس قائم کی گئی ہے۔جس کی سربراہی ڈی پی اوز کر رہے ہیں۔معاشرے سے منشیات کو ختم کرنے کے لئے جہاد کر رہے ہیں۔اس کے لئے اپنے مقاصد حاصل کرکے رہیں گے۔کورونا کی وجہ سے بڑے سیمینار کے رکے ہوئے سلسلہ کو دوبارہ شروع کیا ہے یونیورسٹیز،کالجز میں سیمینار کو جاری رکھیں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی نے پولیس کی جانب سے ضلع میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ایس ایس پی شعبہ تفتیش اشتیاق خان نے ملٹی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ڈی آئی جی ہزارہ نے ہزارہ کو ڈرگ فری بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے پولیس کے ساتھ شہریوں کے تعاون کے بغیر اس کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ ہم سب کو زمہ دار شہری کا ثبوت دینے کی ضرورت ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ آئس کا نشہ کرنے والے معاشرتی زندگی میں شدید ذہنی امراض میں مبتلا ہو جاتے ہیں ان کا رویہ ناقابل برداشت اور دوسروں کو سخت نقصان دینے کا اندیشہ رہتا ہے اور ساتھ ساتھ یہ مختلف خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو تے ہیں جس کا انجام زندگی کا خاتمہ ہوتا ہے۔ایس ایس پی،شعبہ تفتیش اشتیاق خان کا کہنا تھا پولیس نے منشیات کے خاتمہ کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا ہے تفتیش میں بھی سب انسپکٹر سے نچلی سطح پر نہیں ہو تی اور عدالت سے بری ہونے والوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے ایک وقت آئے گا منشیات فری ضلع اور ڈویژن بنے گا۔معاشرے کے دشمن بے نقاب کرکے سب کے سامنے لائیں گے۔پولیس معاشرے میں اس کی آگاہی کے لئے ریلیاں بھی نکالتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2020کی نسبت 2021میں 14کلو گرام سے زاہد آئس برآمد کی اور آئس کے مقدمہ میں 133ملزم گرفتار کئے ہیں۔گزشتہ پانچ ماہ میں اس جرم میں متعدد منشیات فروشوں کو سزا اور جرمانہ ہوا یے۔سیمینار میں طلباء وطالبات نے یونیورسٹی کیمپس میں آگاہی مہم کی ڈاکو منٹری پیش کی۔اور مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیس کے شانہ بشانہ جدوجہد کا عزم کیا۔سیمینار کے اختتام پر پولیس کی جانب سے کامیسٹس یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کو منشیات کے خلاف آگاہی مہم میں بہترین کارکردگی پر سوینیئرز بھی دیئے گئے۔