ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز محمدعارف خان نے ضلع بھر کے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کرنے اور اسے گھرکی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ ہر علاقے میں عوامی مسائل کا ازالہ ہوسکیں اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ محب اللہ خان نے جمعرات کے روزملاکنڈ کے دور دراز علاقہ ٹوٹئی کوٹ منزرے بابا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں تمام ضلعی محکموں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں علاقے کے عمائدین نے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیل سے آگاہ کیا جن میں سب سے زیادہ اور اہم مسئلہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی جبکہ صحت،تعلیم اور سٹرکوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق گزارشات شامل تھے جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر محکمہ آبنوشی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو اولین فرصت میں حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کی شکایات و مسائل اپنے دفتر میں حل کرنے پر توجہ دیں اوراس سلسلے میں درخواست گزاروں کو خندہ پیشانی سے سن کر انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہی موجود ہیں اور عوام کے جتنے بھی مسائل ہم سے تعلق رکھتے ہیں وہ بر وقت اور موقع پر حل کیے جائیں تاکہ کسی کو شکایت کا موقع نہ ملے۔