سوات (مانند نیوز ڈیسک) محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا منظور خان اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا فہد اکرام کی ہدایت پر ڈویژن کے سطح پر آلودگی کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز جو 31 جنوری سے کیا گیا ہے جو کہ چار فروری 2022 تک جاری رہے گی۔ ضلع سوات میں مہم کا آغاز سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عبداللہ خان اور وھیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سٹیشن ضلع سوات کے انچارج امتیاز احمد کے زیرنگرانی کیا گیا۔ آگاہی مہم کے پہلے مرحلے میں مختلف اڈوں میں ڈرائیوروں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کے مضر اثرات کے بارے میں انہیں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اسکے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے متعلق اور ویٹس سے آگاہی کے بینر لگائے گئے۔ مہم کے دوران روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی جس میں پیٹرول اور سی این جی گاڑیوں کو سی او میٹر سے اور ڈیزل گاڑیوں کو اوفیسٹی میٹر سے چیک کیا گیا۔ اس مہم میں ٹوٹل 280 گاڑیاں چیک ہوئے جس میں میں 100 گاڑیوں کو ویٹس پاس سرٹیفکیٹ دئے گئے اور باقی 180 گاڑیوں کو ٹریفک وارڈن نے زیادہ دھواں چھوڑنے کیوجہ سے چالان کیا۔ گاڑیوں کی ٹیسٹنگ، آگاہی مہم چار فروری تک جاری رہے گی جبکہ اس سلسلے میں خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔