تخت بھائی (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہاہے کہ ملک کسی بھی صورت میں صدارتی نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔صدارتی نظام مارشل لاء کا مترادف ہے اور پی ڈی ایم اس کا بھرپور مخالفت کرئے گی۔ہم نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ملکی معیشت کو تباہ کر کے پی ٹی آئی نے سٹیٹ بینک کو بھی آئی ایم ایف کے حوالہ کر دیا ہے جو کہ کسی بھی صورت ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم شیر گڑھ اور لوند خوڑ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے تحصیل تخت بھائی کے چیئرمین حافظ محمد سعید،مولانا محمدطیب اور مولانا قیصر الدین نے بھی خطاب کیا۔حافظ حمد اللہ نے کہاکہ مہنگائی کے مارے عوام کسی بھی صورت مزید ٹیکس برداشت نہیں کرسکتے۔بجلی کے بلوں میں بے تحا شا ٹیکسوں کی وجہ سے عوام ذہنی کوفت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور اس میں صدارتی نظام یا مارشل لاء کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف جمعیت علماء اسلام ہی کرسکتی ہے۔جے یو آئی نے ہر موقع پر عوام ے فلاح و بہود اور عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کر کے ہماری معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹا جارہا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت پر قبضہ کر دیا ہے۔اب سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی اسکے حوالے کر دیا ہے۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کی کامیابی سے حکمران جماعت کے اوسان خطا ہو گئے ہیں اب مختلف طریقوں کے ذریعے بلدیاتی نمائندوں سے اختیار لیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں اصل تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔آنے والے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کر کے ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام رائج کریں گے۔