سوات (مانند نیوز ڈیسک) مقامی فلاحی تنظیم گاؤری کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام ”جی سی ڈی پی” کی جانب سے سوات کی برف پوش وادی کالام میں دو روزہ سنو کبڈی اور جیپ ریس کے مقابلے تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوگئے۔ سنو کبڈی میں مقامی پہلوانوں نے سرد موسم میں خوب پنجہ آزمائی کی، جبکہ جیپ ریس میں گاڑیوں نے سبقت لینے کے لئیے برفیلے ٹریک پر فراٹے بھرلئے۔ کبڈی میں آٹھ ٹیمیں اکھاڑے میں اتر آئیں اور دنگل مٹلتان ٹائیگرز نے جیت لیا، جبکہ 33 جئپ ریسرز نے برفیلے میدان میں جیپ دوڑائے، جس کا مقابلہ مقامی ڈرائیور وزیر نے جیت کر ٹرافی اپنے نام کردی۔ منتظمین کے مطابق برف باری کے دوران وادی کالام میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ جاتا ہے۔ ایسے میں تفریح کے مواقع اور سرد موسم میں لہو گرمانے کے لئے ایسے کھیلوں کا انعقاد مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ مقامی ایم پی اے میاں شرافت علی نے بھی تقریب میں شرکت کی اور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ساٹ: ایم پی اے میاں شرافت علی۔ اختتامی تقریب میں جی سی ڈی نے مقامی کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کرکے ان کی مزید حوصلہ افزائی کی اور سیاح بھی کھیلوں سے خوب محظوظ ہوگئے۔