کابل (مانند نیوز ڈیسک) طالبان نے کہا ہے کہ جب تک بیرون ملک موجود افغان شہریوں کے حالات بہتر نہیں ہوجاتے وہ مزید شہریوں کو انخلا کی اجازت نہیں دیں گے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے تو جب تک اس بات کی ضمانت نہ مل جائے کہ ان کی زندگیاں خطرے سے باہر ہیں، انخلا روک دیا گیا ہے۔امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے انخلاء اور طالبان کے کابل پر قبضے کے 2ہفتوں بعد 31اگست تک ایک لاکھ 20ہزار سے زائد افغان شہری اور دوہری شہریت کے حامل افراد افغانستان چھوڑ کر جاچکے تھے۔طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعدسیکڑوں مزید افراد کو ملک چھوڑ کر جانے کی اجازت دی گئی لیکن فضائی راستے سے ملک چھوڑ کر جانے والے مسافروں کی آخری پرواز یکم دسمبر کو روانہ ہوئی تھی البتہ بذریعہ پاکستان زمینی راستے سے اب بھی انخلا جاری ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ قطر اور ترکی میں موجود ہزاروں شہری بہت بری حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابل میں کی گئی کارروائیوں میں طالبان فورسز نے درجنوں اغواکاروں اور اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے، کلیئرنس آپریشن دو روز قبل دارالحکومت اور اس کے پڑوسی صوبوں میں شروع کیا گیا تھا جو جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کا مقصد ہتھیار جمع کرنا اورملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کامیاب رہا اور اس میں سیکڑوں کی تعداد میں بھاری ہتھیار قبضے میں لیے گئے جس میں راکٹ لانچر اور گرینیڈز شامل ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران گولیوں کے 60ہزار رانڈز بر آمد کیے گئے جبکہ 13بکتر بند گاڑیاں اور 13ٹن دھماکا خیز بارود بھی برآمد ہوا۔اس موقع پر ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان پر پابندیوں میں نرمی کرنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا، امریکا کی جانب سے افغانستان کے لیے نئے جنرل لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے جس کے ذریعے افغان تاجر اور دیگر افراد رقوم کی لین دین کرسکیں گے۔تاہم ان افراد میں انفرادی طور پر طالبان کے اراکین شامل نہیں ہیں۔طالبان کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ امریکا پابندیوں میں نرمی کرتا رہے گا۔افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثے امریکا میں منجمد ہیں جو امداد پر انحصار کرنے والے ملک کے اداروں کو شدید متاثر کر رہے ہیں۔دریں اثناء طالبان فورسز کی جانب سے کی گئی مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 9 اغوا کاروں، داعش کے 6 اراکین اور 53 چوروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 گرفتار افراد کو رہا کردیا گیا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے