چترال (مانند نیوز ڈیسک) بالاخر ایون کالاش ویلیز کا افتتاح کر دیا گیا۔ اور وادی ایون و کالاش کے لوگوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ جمعہ کے روز چترال لوئر کے ڈپٹی کمشنر انوار الحق نے ایون چترال اور چولنگاہول کے مقامات پر ایون بریر روڈ اور رمبور بمبوریت روڈ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال ثقلین سلیم پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے رفیق عالم مقامی عمائدین و دیگر موجود تھے۔ مقامی صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق نے کہا۔ کہ یہ پرانا منصوبہ ہے۔ جس کے ٹینڈر بہت عرصہ پہلے ہو چکے ہیں۔ لیکن بعض تیکنیکی مسائل کی وجہ سے کام کا آغاز نہیں کیا جا سکا تھا۔ اب کام کا افتتاح ہو چکا ہے۔اس لئے یہاں عوام کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا۔کہ ایون سے دوباژپوسٹ تک تین کلو میٹر اور دوژ سے بمبوریت تک دو کلومیٹر سٹیٹ پراپرٹی ہے۔ جس پر کام جاری رہے گا۔جبکہ پرائیویٹ اراضی مالکان کوزمین کا معاوضہ اداکر نے کے بعد ہی زمین سڑک کیلئے استعمال کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ معروف سیاحتی علاقہ کالاش ویلیز کی سڑک جو عرصہ درز سے تعمیر میں مسلسل تاخیر کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کیلئے ایک درد سر بنا ہوا تھا۔ اور کئی مرتبہ احتجاج کاراستہ اختیار کیا گیا تھا۔ بالاخر تعمیرکے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اور افتتاح کر دیا گیا ہے۔ کالاش ویلیز روڈ کا تعمیری کام دو حصوں میں منقسم ہے۔ ایون انتظار گاہ سے بریر تک پورشن شاہ بلڈر تعمیر کرے گی۔ جبکہ فارسٹ چیک پوسٹ سے رمبور بمبور یت تک روڈ کی تعمیر ک کام دوسرے ٹھیکدار کے پاس ہے۔ درین اثنا ایون اور کالاش ویلیز کے عوام نے روڈ پر کام شروع کرنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اور اس روڈ کے تعمیری کام کو ممکن بنانے کیلئے مقامی رہنماوں اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ہے۔ کہ منصوبے کا افتتاح حکومت کی طرف سے صرف الیکشن کے دورانیے تک محدود نہیں ہوگا۔ بلکہ اسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔