اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کیا کررہی ہیں اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا، آپ کیا کہیں گے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں، تحریک عدم اعتماد لانا ان کا آئینی و قانونی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی حق ہے، میں ویلکم کرتا ہوں، قانونی رائے لی ہے، یہ میرا کام ہے کہ ماہرین سے مشاورت کروں، میں نے کوئی خط نہیں لکھا، میڈیا خبروں کی تردید کرتا ہوں۔اسد قیصر نے کہا کہ ایک بات واضح کروں جو اقدام اٹھاوں گا قانون و رولز کے مطابق ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کیا کررہی ہیں اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ اسمبلی اجلاس سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں ہیں، آپ کی وزیراعظم سے ملاقات میں کیا فیصلہ ہوا؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس بلانے سے متعلق سیکرٹریٹ سے مشاورت کررہا ہوں، آئین کے مطابق مقررکردہ وقت پر اجلاس ہوگا۔