کوہاٹ (مانند نیوز ڈیسک) کوہاٹ پولیس نے محکمہ ڈاک کے ملازم سے 70 لاکھ روپے لوٹنے والے ماسٹر مائنڈ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔محکمہ ڈاک کے ملازم سے بزرگ شہریوں کے پیشن کی رقم لوٹنے والے مسلح رہزن گروہ کے دو ملزمان کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔پولیس نے لوٹی ہوئی رقم اور واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ و موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لی ہیں۔پکڑے گئے ملزمان رہزنی کی اس واردات کے ماسٹر مائنڈ منصوبہ ساز ہیں۔زیر حراست ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیا ہے۔ڈی ایس پی لاچی ناظر حسین نے اس حوالے سے بتایا کہ 28فروری کو محکمہ ڈاک کا پوسٹ ماسٹر طارق محمود مقامی پنشینئرافراد میں تقسیم کرنے کیلئے ایک کروڑ بیس لاکھ کی رقم نیشنل بنک شکردرہ برانچ سے پرائیویٹ پک اپ گاڑی کے ذریعے رحمان آبادپوسٹ آفس منتقل کررہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح رہزنوں نے اسلحہ کی نوک پر راستہ روکنے کی کوشش کی تو رکنے کی بجائے پک اپ ڈرائیور نے رفتار بڑھا دی کہ اس اثناء میں مسلح رہزنوں نے ان پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں پوسٹ ماسٹر ہاتھ پر زخمی ہوا جبکہ گاڑی کا ٹائر بھی گولی لگنے سے پھٹ گیا اور اس دوران رہزنوں نے تعاقب کرکے اسلحہ کی زور پر زبردستی پوسٹ ماسٹر سے پیسوں سے بھرا تھیلہ چھین لیا اور موقع واردات سے موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی اور ڈکیتی کی اس واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف کے ایک بڑے علاقے سے اہم شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا اور 24 گھنٹوں کے اندر واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر جھاڑیوں میں چھپایا گیا ایک موٹر سائیکل ملاجو نور خان کی ملکیت اور دراصل واردات میں استعمال ہونیوالا موٹر سائیکل تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایک کارروائی میں ملزم محمد علیان ولد جعفر حسین اور اسکے دوسرے ساتھی کاشم رفیق عرف کاشی ولد محمد رفیق سکنہ شکردرہ کو پولیس نے حراست میں لیکر ان سے تفتیش شروع کردی جنہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے نام بھی بتائے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ملزمان کی نشاندہی پر لوٹی ہوئی مجموعی طور پر 63لاکھ روپے کی نقدی،واردات میں استعمال ہونیوالا ایک اور موٹر سائیکل اورتین پستول بمعہ کارتوس برآمد کرچکی ہے۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں پولیس نے رہزنی کی اس واردات کے دو ماسٹر مائنڈ ملزمان نور خان ولد محمد جان اور صابر اللہ ولد اختر گل کو بھی حراست میں لیا ہیاور انکے قبضے سے لوٹی ہوئی 7 لاکھ روپے برآمد کر لئے۔ڈی ایس پی ناظر حسین کے مطابق پکڑے گئے دونوں ملزمان رہزنی کی اس واردات کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نور خان نے پوری واردات کا مکمل منصوبہ بنایا جبکہ صابر اللہ واردات کے وقت محکمہ ڈاک کے ملازم کی تمام تر حرکات و سکنات کی ریکی کرتا رہا جسکا دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے۔