ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے لیے تحصیل ایبٹ آباد اور حویلیاں میں رمضان بازار کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔تمام محکمہ جات مل کر شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور پرائس کنٹرول میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ رمضان المبارک کے دوران قیمتوں کے کنٹرول اور اشیاء خوردونوش کی بہتر فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیع ہے۔رمضان المبارک کے دوران قیمتوں کے کنٹرول اور رمضان بازار کے قیام کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد طارق سلام مروت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قیمتوں کے کنٹرول، صبح کے وقت قیمتوں کے تعین، مارکیٹ چیکنگ، رمضان بازار کے قیام، ریٹ لسٹ پر عملدرآمد اور حفظان صحت کے اصولوں کے تحت اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرنے اور شہریوں کو ریلیف یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے گوشت اور مرغی کے گوشت کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے محکمہ خوراک اور اسسٹنٹ کمشنرایبٹ آباد کو ہدایات جاری کیں۔ مرغی کے گوشت کی فروخت پر پابندی اور خلاف ورزی پر کاروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد نے گوشت کی دکانوں پر پراپر جالی اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایات کی۔ انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز انچارج کو یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رمضان بازار ایبٹ آباد اور حویلیاں میں بھی سٹالز قائم کرنے اور ہمہ وقت اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے ہدایت کی۔ انہوں نے سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے اور آٹے کی کوالٹی میں کمی پر متعلقہ ملز مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی ہدایت بھی کی۔ اسکے علاوہ رمضان المبارک سے پہلے ایبٹ آباد اور حویلیاں میں رمضان بازار کو مکمل فعال بنانے اور سٹالز کے حوالے سے بھی ٹی ایم اوز ایبٹ آباد اور حویلیاں کو ہدایت کی۔ انہو ں نے ٹی ایم او حویلیاں کو بازار کو مکمل فعال بنانے کی ہدایت کی جس کی نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-2 عکاشہ کرن کریں گی۔ ایبٹ آباد رمضان بازار کی نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-3 امین الحسن جبکہ دونوں بازاروں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو رمضان المبارک کے دوران ڈسٹریبیوشن کی مکمل نگرانی کی ہدایت کہ تا کہ عام آدمی کو ڈائریکٹ فائدہ حاصل ہو۔ ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد نے محکمہ لائیو سٹاک اور ایگری کلچر کو بھی رمضان بازاروں میں سٹالز کے قیام کے حوالے سے ہدایت کی۔ ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو کسان مارکیٹ کو مزید فعال بنانے اور رمضان کے دوران خصوصی پیکج اور مارکیٹ سے کم نرخوں پر اشیاء خی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ویٹ اینڈ میئر کے حوالے سے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو روٹی اور دیگر تمام اشیاء کے ویٹ پر نظر رکھنے اور خلاف ورزی پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن، ٹی ایم او ایبٹ آباد محمد افضل، ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک اکبر علی، ایگریکلچر آفیسر ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاد محمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-2 عکاشہ کرن، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-3 امین الحسن، انچارج یوٹیلٹی سٹورز ایبٹ آباد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔