نوشہرہ (مانند نیو زڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت وقت کو طول دینے کی خاطر صدارتی ریفرنس کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کے خلاف متحد ہے، جلد ہی نااہل حکمرانوں کو گھر بھیج دیں گے۔ سپریم کورٹ میں تحریک عدم اعتماد سے پہلے سیاسی جلسے روکنے کیلئے سپریم کورٹ بارکی درخواست اور صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کو اتحادی اور جماعت کے اندر ہی اراکین نااہلیوں کی بدولت چھوڑ چکے ہیں۔ عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دینا یا اس کی مخالفت میں ہر رکن پارلیمنٹ کا حق ہے۔مخالفت میں ووٹ دینے والے اراکین کو تحریک انصاف کے وزراء اور مشیروں کی جانب سے غلط القابات سے نوازنا شرمناک ہے۔ان میں سے بیشتر اراکین وہی ہیں جن کو جہازوں میں بٹھا کر بنی گالہ لایا گیا تھا۔ کل تک جب یہ لوگ ان کے ساتھ تھے تو ایماندارتھے اور آج جب اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں تو بے ضمیر ہوگئے؟انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک کے عوام سلیکٹڈ حکومت کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ عوام پچھلے ساڑھے تین سال سے مہنگائی اور بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ عوام اپنے مسائل کا حل اور موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپوزیشن ہر آئینی اورقانونی راہ اپنائے گی۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں پارلیمان اور جمہوریت کی تضحیک کا سبب بن رہی ہے۔ ہمارے اکابرین نے جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے بے انتہا جدوجہد کی ہے۔ تحریک انصاف کی ناااہل حکومت کو ان قربانیوں کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سمیت حکومتی وزراء اور مشیر گھبراہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ سہاروں کی مدد سے عوام پر مسلط حکومت کو اپنا انجام معلوم ہے۔ عدم اعتماد کے خوف سے اپوزیشن کو گالیاں دینے والوں کا بسترا بہت جلد گول ہونے والا ہے۔ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے روز حکومتی گھبراہٹ مزید کھل کر سامنے آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اندورنی اور بیرونی خطرات اور مشکلات سے نکالنے کیلئے نااہل حکمرانوں کا جانا اٹل ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے سیاسی جماعتوں سمیت سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔