پشاور (مانند نیوز ڈیسک) تھانہ چمکنی پولیس نے ٹیکسی گاڑی کی آڑ میں اسلحہ کے نوک پر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سراغ لگا کر گروہ کے سرغنہ اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق مدعی حاجی عاشق ولد گل محمد سکنہ نیو سٹی ہوم نے تھانہ چمکنی پولیس کو ٹیکسی گاڑی میں لوٹے جانے کی رپورٹ کی تھی جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ چمکنی ہارون جدون نے گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ اور مرکزی ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم افغان کالونی کا رہائشی ہے جو ٹیکسی گاڑی میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سواریوں کو لوٹنے میں ملوث ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزم سے ابتدائی طور پر چھینے گئے پچاس ہزار روپے بھی برآمد کر لئے گئے۔