پشاور (مانند نیوز ڈیسک) غیر سرکاری تنظیم ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے بانی ڈاکٹر ایمل مہمند نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے‘ معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ سماجی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر قوم کے ضرورت مند افراد کی خدمت کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان اور تخت بھائی میں ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت سینکڑوں نادار اور مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، ڈاکٹر ایمل مہمند نے کہا کہ رمضان المبارک معاشرے کے مستحق افراد کا دکھ درد بانٹنے اورانھیں خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے۔ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت ہرسال رمضان کے مبارک مہینے میں ملک بھر کے غریب اور مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکجز تقسیم کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ معاشرے کے اس محروم اور نادار طبقے کو بھی رمضان کی خوشیوں میں شریک کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں۔