پشاور (مانند نیوز ڈیسک) غیر سرکاری تنظیم ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے بانی ڈاکٹر ایمل خان مہمند نے کہا ہے کہ غریبوں کی مدد سے دل کو سکون ملتا ہے۔ انسانیت کی خدمت ہی میری زندگی کا مقصد ہے۔ خدمت کا یہ سفر آخری سانس تک جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق لوگوں کی صدقات و خیرات کے ذریعے مدد کے بغیر پرامن و فلاحی معاشرہ کا وجود ناممکن ہے۔ معاشرہ کو انسان کیلئے مفید بنانے کے لئے ضروری ہے کہ انسان دوسروں کے کام آئے۔معاشرے کے ہرفرد کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنی حیثیت کے اعتبار سے صدقات و خیرات کرے اور بغیر کسی مفاد محض اللہ کی رضا کے لئے مستحق افراد کو انکا حق دیا جائے۔ڈاکٹر ایمل مہمندنے کہا کہ غریب اور مستحق لوگوں کی مدد کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا درس ہے۔ ذاتی مفاد کے بغیر خیرات کرنے والے حقیقی معنوں میں انسانیت کا سر فخر سے بلند کر دیتے ہیں۔انہوں ے کہا کہ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ مستحق لوگوں کی صدقات و خیرات کے ذریعے مدد کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔