جمرود (مانند نیوز ڈیسک) ضلع خیبرتحصیل جمرود کے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کے متحدہ آزاد پینل پارلیمانی لیڈر وضلع خیبر ٹاون ٹو کے چیئرمین شاہد خان آفریدی کے سربراہی میں جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کیااس موقع پر جمرود کے مختلف وی سی چیئرمینز شمشیر، محمدصاحب، عرفان آفریدی، حسین زادہ، حبیب الرحمان، داوُدخان بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار قبائیلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں بلدیاتی نمائندگان منتخب ہوئے ہیں جو کہ ایک نیک شگون ہے اور اس سے قبائلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا میں ترقی اور خوشحالی آئیگی۔بلدیاتی انتخابات میں عوام نے بلدیاتی انتخابات میں اسلئے پرجوش طریقے سے حصہ لیا تھا کہ اختیارات نچلی سطح پر آکر بلدیاتی نمائندگان عوام کو درپیش مسائل گھر کے دہلیز پر حل کرینگے لیکن افسوس کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں 5 ماہ گزرنے کے باوجود منتخب بلدیاتی نمائندگان کو نہ تو ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے ہیں اور نہ ہی انکو دفتری سہولیات فراہم کی گئی ہے۔بلدیاتی نمائندگان نے کہا کہ ابھی تک اکاؤنٹس نہیں کھولے گئے ہیں، دفاتر نہیں ہیں، رولز اور اختیارات شئیرنگ کے حوالے تربیت بھی نہیں دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات اور فنڈز کے حوالے تمام تر دعوے تاحال جھوٹ پر مبنی ہے جسکی وجہ سے صوبائی حکومت کی مقبولیت میں روز بروز کمی آرہی ہے اور عوام کا اعتماد ان سے اُٹھ رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ فورتھ کوارٹر فنڈز ایم این ایز و ایم پی ایز کو دینے کی بجائے بلدیاتی نمائندگان کو دیا جائے کیونکہ یہ انکا حق ہے۔متحدہ آزاد پینل ضلع خیبر کے نمائندگان نے کہاکہ تحصیل جمرود چیئرمین بھی تاحال خاموش تماشائی بنا ہوا کیونکہ انکے ایک بھائی ایم پی اے اور دوسرا چچا زاد بھائی ایم پی اے کو ترقیاتی فنڈز مل رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ بلدیاتی نمائندگان کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔متحدہ آزاد پینل ضلع خیبر کے نمائندگان نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ایم این ایز و ایم پی ایز کی بجائے بلدیاتی نمائندگان کو ترقیاتی فنڈز جاری کریں بصورت دیگر باب خیبر سے احتجاج شروع کرکے وزیراعلی ہاوس پر دھرنا دینگے۔