اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کوآج (17) جولائی کو دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں۔ ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔ کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا قانون کی گرفت میں آئیگا، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی، خیبر پختونخوا کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں۔