سوات (مانند نیوز ڈیسک) اگست ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 29 اگست تا 2 ستمبر 2022 پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انعقاد، تیاریوں اور اس سے منسلک انتظامی و دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ ڈی ایچ اوسوات ڈاکٹر محمد سلیم خان،این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر ذیشان، تعلیم، صحت، پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کو این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر ذیشان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مہم کے لیے 400 ایریا انچارج اور 97 یونین کونسل میڈیکل آفیسرزکے زیرِ نگرانی 1864 ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں جو مجموعی طور پر 463462 بچوں کو گھر گھر جاکرپولیو سے بچاؤ کے ویکسین پلائیں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے 22 آفسران بطور ڈی پی ایم ٹی ضلعی سطح پر جبکہ 66 ٹی ٹی ایم یونین کونسل سطح پر اس مہم کی نگرانی کرینگے۔ اجلاس میں تمام انتظامی امور پر تفصیلی غور و غوض بھی کیا گیا اور ان کو قطعی شکل دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد کا عوام کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پانچ سال اور کم عمر بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلوائیں، اور پولیو اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔