راولپنڈی (مانند نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک اور چین کی افواج برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی(پی ایل اے)کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ اور چینی سفارت خانے کے حکام نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور چینی سفیر نے تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین میں برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا جو باہمی تعلقات میں نئی پیشرفت ہے، پاک چین فوجی تعاون کے فروغ کے لیے نیا سیٹ اپ بنایا گیا، یہ نظام فوجی رابطوں میں فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہا۔ تقریب کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں گہری ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا، دونوں ممالک باہمی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرتے رہیں گے۔