لاہور(مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیلاب نے جو تباہی برپا کی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔چوہدری پرویز الٰہی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران کے جذبے کو سراہا۔ملاقات میں نعمان کبیر نے وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی کو ایل سی سی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ پرویز الٰہی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر وصنعتکار برادری نے مشکل حالات میں ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، جب بھی قوم کو آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، تاجر وصنعتکار برادری پیچھے نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے جذبے کو سراہتے ہیں، وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اصل حقدار تک پہنچائیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی پکار پر قوم کو ملی جذبے کا بے مثال کردار کرنا ہے، سیلاب نے جو تباہی برپا کی ہے وہ ناقابل بیان ہے، متاثرین کی بحالی کے لئے ایک بار پھر سب کو قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔انکا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ این جی اوز اور صاحب حیثیت افراد کو بھی آگے بڑھ کر متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہوگا، پنجاب حکومت نے متاثرین کی مدد کے خصوصی فنڈ قائم کیا ہے، تاجر و صعنتکار برادری مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت تاجر و صنعتکار دوست حکومت ہے، ہماری حکومت نے آتے ہی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اوقات کار کی پابندی ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں معروف کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے، انارکلی میں تاجروں او رعوام کی سہولت کے لئے پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجر وصنعتکار برادری کی سہولت کیلئے ریونیو ریکارڈ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ نعمان کبیر نے وزیر اعلی پنجاب کو ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی بھی دعوت دی اور پرویز الہی نے تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔دوسری جانب نعمان کبیر نے کہا کہ وزیر اعلی پرویز الہی نے سابقہ دور میں تاجر وصنعتکار برادری کے لئے بے مثال کام کئے، اب بھی کاروباری اوقات کار کی پابندی ختم کرکے آپ نے تاجر وصنعتکار برادری کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ملاقات میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد میں سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران طاہر منظور چودھری، میاں جبار خالد، مومن ملک، یوسف شاہ، محمد عثمان، احمد فراز ارشد اور مقبول صدیق اور سیکرٹری جنرل شاہد خلیل شامل تھے۔