اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) چین نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین اور بحالی کے لیے 100 ملین (10 کروڑ)یوآن کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین کی طرف سے25000 خیموں اور دیگر امدادی اشیا ء عطیہ کی گئیں۔چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام سے یکجہتی کے پیغامات بھیجے ہیں۔صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو چینی قیادت کی جانب سے پیغام پاکستان میں سفیر نونگ رونگ نے پہنچایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کو تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔