ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) دیہی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی جانب سے دور افتادہ علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقادشہر کے علاؤہ دیہی علاقے کے لوگوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد جبریل رضا کی زیر صدارت یونین کونسل چمہڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی اور مسائل پیش کیے گئے۔ کھلی کچہری میں ضلعی محکمہ جات کے افسران بھی موجود رہے اور لوگوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے موقع پر سوالات کے جوابات دیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام لوگوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اہلیان علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا اور مستقبل میں بھی مزید کھلی کچہریوں کے انعقاد پر زور دیا۔