باجوڑ (مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن سجاد خان نے ضلع باجوڑ کا دورہ کیا،دورے کے دوران طورہ غنڈئی پولیس چیک پوسٹ پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ فہد وزیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الصمد خان اور دیگر انتظامی افسران نے کمشنر ملاکنڈ اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ کا استقبال کیا،اس سلسلے میں سول کالونی خار کے جرگہ ہال میں بچوں نے معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اورباجوڑ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن نے اس موقع پر یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے کمشنر ملاکنڈ اور ریجنل پولیس آفیسر کو ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن نے سول کالونی خار میں قائم بیت المال سویٹ ہوم ہاسٹل کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر مقیم یتیم بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔انھوں نے بچوں سے بیت المال ہاسٹل میں دستیاب سہولیات اور درپیش حل طلب مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے انچارج بیت المال سویٹ ہوم کو بچوں کو سہولیات فراہمی و مدد کیلئے پچاس ہزار روپے کا چیک بھی حوالہ کیا۔کمشنر ملاکنڈ اور ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ سویٹ ہومز میں رہائش پزیر بچوں کو وہ تمام سہولیات اورآسائشیں دستیاب ہونی چاہیے جو ہمارے اپنے بچوں کو میسر ہیں،انھوں نیہدایت کی کہ سویٹ ہوم ہاسٹل میں مقیم یتیم بچوں کی صحت اور تعلیم پر خاص توجہ دی جائے تاکہ وہ مستقل میں معاشرے کے کارامد اور مفید شہری بن کر ملک کا نام روشن کریں۔ دریں اثناء کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈی سی آفس باجوڑ میں پودے بھی لگائے۔