اسلام آباد (مانند نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو حکومت گراؤ تحریک کی طرف جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا 22ویں روز میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ عوام کو ریلیف دلانے کے مطالبے کے لیے ملک بھر میں جاری دھرنوں کی تعداد 30 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تعلیم اور صحت سمیت ہر شعبہ مہنگائی کی لپیٹ میں آچکا ہے، وزیراعظم بتائیں کہ لیوی کی مد میں عوام سے وصول کیے گئے پیسے کہاں گئے؟
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے قوم کی جیبوں سے نکالا گیا پیسہ خرچ کر رہی ہے، جبکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ بہت جلد ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی لانگ مارچ کی طرف بھی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کل ہونے والے مذاکرات کے لیے ان کی ٹیم پوری طرح تیار ہے، تاہم اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو حکومت گراؤ تحریک کی طرف جانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں جاری لوڈشیڈنگ کو حکومت کی بدترین نااہلی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے۔