اسلام آباد(مانند نیوز) انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد علی منصور کے خلاف کرپشن کے الزامات پر وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار نے وزیراعظم کی ہدایت پر حماد علی منصور کو رخصت پر بھیج دیا ہے ، جبکہ انکوائری مکمل ہونے تک وہ رخصت پر رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے افسر فیصل نثار چوہدری کو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا لک آفٹر چارج دے دیا گیا ہے۔ فیصل نثار چوہدری کا تعلق سیکرٹریٹ گروپ سے ہے۔ ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق حماد علی منصور سی ای او سیکرٹریٹ کو تالے لگا گئے ہیں، جبکہ وہ جاتے ہوئے کچھ فائلز بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ وزارت صنعت و پیداوار نے سی ای او سیکرٹریٹ کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور انتظامیہ کی مدد سے سی ای او سیکرٹریٹ کا قبضہ حاصل کیا جائے گا۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد علی منصور کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک ان کی رخصت برقرار رہے گی، جبکہ انکوائری کے نتائج کی روشنی میں آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔