بریکوٹ (ریاض احمد سے) ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سوات کے ایڈیشنل ایس ایچ او محمد علی نے کہا ہے کہ سب ڈویژن بریکوٹ میں بڑھتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف جلد بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں، نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانا اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریکوٹ پریس کلب میں صحافیوں سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈی جی ایکسائز عبدالعلیم کی ہدایات کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ سرکل آفیسر ناصر اقبال کی خصوصی ہدایات اور ایس ایچ او اجمل خان کی نگرانی میں سب ڈویژن بریکوٹ کے مختلف علاقوں میں عوام کے تعاون سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔

محمد علی نے کہا کہ سوات بالخصوص سب ڈویژن بریکوٹ میں آئس، چرس اور دیگر منشیات کا استعمال نوجوانوں میں بڑھ رہا ہے، جس کے باعث معاشرہ تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ منشیات کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ منشیات کی خرید و فروخت اور ترسیل میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ عوام کی اطلاع اور تعاون کو کارروائی کا اہم ذریعہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی بھرپور کوشش ہوگی کہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کا تعاقب کرکے انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے اور معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ نارکوٹکس سید فخر جہان کے واضح احکامات ہیں کہ منشیات فروشوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور ان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، کیونکہ صحت مند نوجوان ہی کسی بھی معاشرے کا اصل سرمایہ ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے