ڈیرہ اسماعیل خان( مانند نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ اسماعیل خان نے ایک مقامی نجی ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران ایف اے اور ایف ایس سی سال 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق سٹی میئر ڈیرہ سردار عمر امین خان گنڈہ پور تھے ،جبکہ چیئرمین ڈیرہ تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ نے صدارت کے فرائض سرانجام دیئے ، تقریب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔چیئرمین ڈیرہ تعلیمی بورڈ ڈاکٹر احسان اللہ نے کہا کہ ڈیرہ بورڈ کی اپنی عمارت ڈیرہ کے عوام اور بورڈ انتظامیہ کا دیرینہ خواب ہے ، جس کی تکمیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا بورڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت رجسٹریشن سے فیس کی ادائیگی تک بیشتر مراحل کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر احسان اللہ کے مطابق ڈیرہ بورڈ نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا ہے ، جس کی مدد سے طلبہ اپنے مسائل اور سوالات کے جوابات حاصل کرسکیں گے ،امتحانی نظام کو صاف شفاف بنا دیاہے یتیم ، شہداء کے بچوں اور معذور طلبہ کی امتحانی فیسیں ختم کر دی گئیں ، ڈیرہ بورڈ کی جدید بلڈنگ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ،اس موقع پر کنٹرولر ڈیرہ بورڈ ڈاکٹر قیصر انور نے مختلف گروپس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود بورڈ نے حکومتی ہدایات کے مطابق مقررہ وقت میں مارکنگ اور نتائج کی تیاری کا عمل مکمل کیا۔ انہوں نے اس کامیابی پر بورڈ کی ٹیم اور تعلیمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں دارارقم اسکول اینڈ کالج کی عائشہ رحمان نے 1146 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ لیڈز اسکول اینڈ کالج کی ملیحہ فاطمہ 1137نمبر کے ساتھ دوسری اور کیڈٹ کالج سپین کئی کے محمد ذیشان 1136 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے۔پری انجینئرنگ گروپ میں کیڈٹ کالج سپین کئی نے تینوں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔ احسان اللہ برکی نے 1124 نمبر کے ساتھ پہلی، محمد یاسر نے 1105 نمبر کے ساتھ دوسری اور عبدالحبیب نے 1104 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔آئی سی ایس گروپ میں بھی کیڈٹ کالج سپین کئی کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ محمد علی نے 1125 نمبر کے ساتھ پہلی، حامد حسین نے 1115 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ عظمت اللہ اور سید علیان نے 1113، 1113 نمبر حاصل کیے ، تاہم دستیاب تفصیل کے مطابق تیسری پوزیشن کے حوالے سے دونوں طلبہ کے نام درج ہیں۔آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ملازئی، ٹانک کی ثوہیمہ بی بی نے 1027 نمبر کے ساتھ پہلی جبکہ اسی ادارے کی مقدس بی بی نے 1018 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ورکنگ فوکس گرامر اسکول نمبر 1 ڈیرہ کی ماہین بلوچ 1012 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ڈاکٹر قیصر انور نے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ پارٹ ٹو کا نتیجہ 92.07 فیصد رہا، جبکہ پری انجینئرنگ گروپ میں کامیابی کا تناسب 87 فیصد اور جنرل سائنس گروپ میں 70 فیصد رہا۔ ان کے مطابق بورڈ کا مجموعی نتیجہ 86 فیصد رہا، جو طلبہ کی محنت اور اساتذہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق سٹی میئر سردار عمر امین خان گنڈہ پور نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان ملک و خطے کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے ڈیرہ ریجن کے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس خطے کی سرزمین نے ہمیشہ باصلاحیت افراد پیدا کیے ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈیرہ بورڈ کے سیکرٹری ڈاکٹر قیوم نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایاکہ بورڈ انتظامیہ ڈیرہ بورڈ کی اپنی اراضی کیلئے 100کنال اراضی کی فراہمی پر سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈہ پور کی مشکور ہے ، جس پر بلڈنگ کا تعمیراتی کام شروع ہے ،والدین ہر بچے کے شوق ، صلاحیت و ذہانت کو دیکھ کر ان کی رہنمائی کریں ، اس موقع پر اسسٹنٹ کنٹرولر طارق جاوید بھی موجود تھے۔