لاہور (مانند میڈیا)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی اور دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہاربھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا پولیس لائن کوہاٹ کی مسجد میں خود کش دھماکہ، بلوچستان میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر حملے قابل مذمت ہیں۔تعزیتی بیان میں انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا ایک عرصے سے پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے، پالیسی سازوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ آئے روز کا دنگا فساداور ملک دشمن کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج جہاں ملکی سلامتی کے لئے خطر ہ ہیں ،وہیں عام لوگوں کی زندگی بھی اس سے بری طرح متاثر ہوتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردی کو کنٹرول کرنے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔بہت ہوچکا بے گناہ لوگوں کی لاشیں اٹھاتے قوم تھک چکی ہے، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ ملکی حالات کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی ضرور ہونی چاہیے لیکن جو بھٹکے ہوئے لوگ راہ راست پر آ سکتے ہیں انہیں موقع ضرور دینا چاہیئے