اسلام آباد (مانند میڈیا) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما طارق محمود آریانی نے صوبائی وزیر فضل شکور خان اور بنوں سے ممبر صوبائی اسمبلی کے بیٹے کی گرفتاری کو انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں اس نوعیت کی فسطائیت اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شکیل خان کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، جو سیاسی کارکنوں اور قیادت کو دبانے کی حکومتی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی اور عمران خان سے بغض میں فارم 47 کی وفاقی حکومت نے تمام سیاسی و اخلاقی حدود پار کر دی ہیں۔طارق محمود آریانی نے کہا کہ جعلی فارم 47 حکومت کے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور وہ سیاسی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ 27 ستمبر کی کال نے فارم 47 حکومت کو خوفزدہ کر دیا ہے، اسی خوف کے باعث سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ایسی کارروائیوں سے عمران خان کی رہائی کی تحریک کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ گرفتاریوں، دھمکیوں اور ریاستی دباؤ کے ذریعے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی تمام تر توجہ 27 ستمبر کی کال پر مرکوز ہے اور اس حوالے سے کارکن مکمل طور پر تیار ہیں۔