لاہور (مانند میڈیا) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری چودھری محمد فاروق گجر، نائب صدر میاں عثمان جاوید، جوائنٹ سیکرٹری علی رضا چیمہ اور فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان نے کہا ہے کہ زرعی آمدن پر ٹیکس کے نفاذ کے لیے قوانین کی واضح تشریح، شفاف طریقہ کار اور ٹیکس گزاروں کو سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ریٹرن فائلنگ کے نظام کو مزید آسان اور صارف دوست بنایا جائے تاکہ ٹیکس گزار بغیر غیر ضروری مشکلات کے اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیداران نے زرعی آمدن پر ٹیکس کے قانونی مسائل اور آن لائن فائلنگ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی آمدن ٹیکس سے متعلق قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد ٹیکس ماہرین، وکلا ء اور ٹیکس گزاروں کو نئے طریقہ کار اور تقاضوں سے مکمل آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مارچ 2025ء میں زرعی آمدن ٹیکس رولز میں ترامیم کی گئی ہیں، جن میں ٹیکس ریٹرن اور ٹیکس کے طریقہ کار سے متعلق مختلف تبدیلیاں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ٹیکس گزاروں کے حقوق اور قانونی تقاضوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔ آن لائن فائلنگ کے نظام میں تکنیکی رہنمائی، بروقت معاونت اور مسائل کے فوری حل کے لیے موثرنظام ضروری ہے۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکس ماہرین اور وکلا ء کی مشاورت سے زرعی آمدن ٹیکس کے حوالے سے پیدا ہونے والے قانونی اور عملی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ٹیکس نظام میں آسانی اور شفافیت سے نہ صرف ٹیکس گزاروں کو سہولت ملے گی بلکہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد بھی بہتر ہوگا