اسلام آباد(مانند میڈیا) موٹروے پولیس کے مطابق پشاور موٹروے ایم ون اور ڈیرہ اسماعیل خان ہکلہ موٹروے ایم 14 بدھ کو رات 11 بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔ کل شام سے جی ٹی روڈ این فائیو کو اٹک خورد کے مقام پر بھی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر اضلاع سے پشاور موٹروے ایم ون پر سفر کرنے سے گریز اور غیر ضروری سفر موخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کر دیے جائیں گے۔ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ کوٹ بیلیاں، عیسی خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ترجمان کے مطابق 23 ستمبر سے موٹروے ایم 2 پر لاہور سے بڑی گاڑیوں اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد داخلے پر پابندی ہوگی۔ ایم 2 اور ایم 3 پر موجود بڑی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ موٹروے ایم 2 پر اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کے لیے جی ٹی روڈ کو متبادل راستہ مقرر کیا گیا ہے۔موٹروے پولیس نے مسافروں اور ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل روٹ اور ٹریفک کی صورتحال سے متعلق موٹروے پولیس کی ہدایات کو مدنظر رکھیں، متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔