اسلام آباد (مانند نیوز) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمنی حوثیوں کو ’دہشت گرد میلیشیا‘ اور ان کی مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ’گھناؤنا جرم‘ قرار دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے کہا ہے کہ مقدس شہر کو نشانہ بنانا دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے سعودی فوج اور سیکیورٹی اداروں کو مقدس مقامات، زائرین اور شہریوں کے دفاع پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف بھیجا گیا ڈرون روک لیا گیا ہے تاہم حوثیوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا تھا۔
دوسری جانب حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں سعودی دارالحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں، توانائی کے مراکز اور بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔