مظفرآباد (مانند میڈیا) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور معروف سیاست دان ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان آزاد ریاست جموں و کشمیر کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر چودھری طارق فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کی گئی۔ صدارتی معرکے میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کے درمیان مقابلہ تھا، جس میں ن لیگ اور اس کے اتحادیوں کی اکثریت کے باعث ڈاکٹر نجیب نقی خان کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو اس منصب کے لیے نامزد کیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے بعد دونوں امیدواروں نے 19 ستمبر کو اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔ آزاد کشمیر کے نئے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق پونچھ ڈویژن کے ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے ایچیسن کالج لاہور سے ابتدائی تعلیم اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر نجیب نقی ایک ممتاز سیاسی و سماجی گھرانے کے چشم و چراغ ہیں۔ ان کے دادا کرنل خان محمد خان (معروف بہ بابائے پونچھ) نے 1934ء میں ‘سدھن ایجوکیشنل کانفرنس’ کی بنیاد رکھی اور 1947ء کی تحریکِ آزادی کے دوران جنگی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈوگرہ راج کے خلاف اہم کردار ادا کیا۔ ان کے والد کرنل (ر) محمد نقی خان پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آئے اور آزاد کشمیر کے سینئر ایڈوائزر اور وزیر صحت و خوراک رہے۔ ڈاکٹر نجیب نقی نے 1990ء میں اپنے والد کی ناگہانی وفات کے بعد عملی سیاست میں قدم رکھا۔ وہ اپنے آبائی حلقے سدھنوتی/پلندری سے 5 مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ وہ 1991 سے 1996 تک پارلیمانی سیکرٹری، 2001 سے 2006 تک رکن کشمیر کونسل، 2006 سے 2011 تک وزیر صحت، تعلیم و آئی ٹی، اور 2016 سے 2021 تک وزیر خزانہ، صحت و منصوبہ بندی کے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ سدھنوتی کو 1995ء میں ضلع کا درجہ دلوانا اور وہاں ضلع ہسپتال کا قیام ان کی نمایاں عوامی خدمات میں شمار ہوتا ہے