۔
دوحہ(مانند میڈیا): ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری ہے اور دونوں فریقوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری رابطوں کا مقصد اختلافات کو کم کرنا اور مسئلے کے حل کیلئے قابلِ قبول راستہ تلاش کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے پاس مسئلے کے پرامن حل کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قطر کسی بھی فریق کی جانب سے علاقائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی مخالفت کرتا ہے۔ خطے میں انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات سے علاقائی استحکام متاثر ہوسکتا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خلیجی ممالک نے جنگ کا حصہ بننے کا انتخاب نہیں کیا۔ ایران کو علاقائی ممالک کے خلاف جارحانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود وہ امن کی کوششوں سے دستبردار نہیں ہوگا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔